Aug ۱۴, ۲۰۲۲ ۲۲:۳۶ Asia/Tehran
  • پاکستانی وزیر اعظم اور صدر نے بلوچستان حملے کی مذمت کی

پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف اور صدر مملکت نے بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی چوکی پر دہشت گردانہ حملے کی مذمت کی ہے۔

سحر نیوز/ پاکستان: ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم ملک کی حفاظت کرتے اپنے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے علاقے خوست اور ہرنائی میں گزشتہ شب دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز کی چوکی پر حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں پاکستانی فوج کے دو اہلکار جاں بحق ہوگئے تھے۔

پاکستان کے وزیراعظم نے دہشت گردوں کے حملے کی مذمت اور دہشت گردوں کے مزموم عزائم کو ناکام بناتے ہوئے سیکورٹی اہلکاروں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا۔

شہباز شریف نے جاں بحق ہونے والے سیکورٹی اہلکاروں کے درجات بلند کرنے اور ان کے اہلِ خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی اور کہا کہ واقعے میں زخمی ہونے والے سیکورٹی اہلکار کی جلد صحتیابی کیلئے دعا گو ہوں۔

دوسری جانب پاکستان کے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بلوچستان کے علاقے ہرنائی میں سیکیورٹی فورسز پر دہشتگردوں کے حملے کی شدید مذمت کی ہے۔

صدر مملکت کا مزید کہنا تھا کہ جشن آزادی کے موقع پر ملک کی سلامتی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان کے علاقے ہرنائی میں سیکیورٹی فورسز کی چوکی پر حملے میں دو سیکورٹی اہلکار جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوا تھا۔

ٹیگس