پاکستان میں بارشوں اور سیلاب سے تباہی، سندھ میں تعلیمی مراکز بند
پاکستان میں حکومت سندھ نے بارش کی صورتحال کے پیش نظر صوبے کے تمام تعلیمی اداروں میں 18 اگست کو تعطیل کا اعلان کر دیا۔
سحر نیوز/ پاکستان: سندھ کے وزیر تعلیم سید سردارعلی شاہ نے ٹوئٹ میں بتایا کہ شدید بارشوں کے پیش نظر آج جمعرات 18 اگست کو سندھ بھر کے تعلیمی اداروں میں تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔
وزیر تعلیم سندھ کا مزید کہنا تھا کہ محکمہ اسکول ایجوکیشن اور کالجز کے ماتحت تمام نجی و سرکاری تعلیمی ادارے آج یعنی جمعرات کو بند رہیں گے۔
دوسری جانب، ڈپٹی کمشنر حیدرآباد کے دفتر سے جاری حکم نامے میں بتایا گیا کہ محکمہ موسمیات نے سندھ بھر میں مزید بارشوں کی پیشگوئی ہے لہٰذا 18 اگست کو حیدرآباد میں تمام نجی اور سرکاری اسکولوں میں تعطیل ہوگی۔
اسی طرح اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں بتایا گیا کہ شہر میں حالیہ بارشوں کے پیش نظر 18 اگست کو انٹرمیڈیٹ کے ہونے والے سالانہ امتحانات اور پریکٹیکل ملتوی کر دیے جبکہ تمام ملتوی شدہ پرچے 25 اگست کو انہی مراکز پر ہوں گے۔