Aug ۲۰, ۲۰۲۲ ۱۶:۵۱ Asia/Tehran
  • شہباز گل پر تشدد کا معاملہ، تحقیقات کا آغاز

پاکستان میں پولیس نے پی ٹی آئی رہنما شہباز گل پر زیر حراست تشدد کے الزامات کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔

پاکستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق ڈی آئی جی اسلام آباد کی صدارت میں ایک اہم اجلاس میں، پی ٹی آئی رہنما شہباز گل پر تشدد کے الزامات کا جائزہ لیا گیا اور الزامات کی فوری تحقیقات کا فیصلہ کیا گیا۔

رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ شہباز گل پر تشدد کے الزامات سے متعلق بیانات قلمبند کرنا شروع کردیا گیا ہے۔ اسی کے ساتھ شہباز گل کی خوراک پر بھی مکمل نگرانی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ شہباز گل نے عدالت میں اپنی پہلی پیشی میں اپنی کمر کھول کے دکھاتے ہوئے کہا تھا کہ پولیس کی حراست میں ان پر تشدد کیا گیا ہے۔

اسی کے ساتھ بعض پی ٹی آئی رہنماؤں نے ان پر جیل میں بھی تشدد کئے جانے اور ٹھیک کھانا نہ دیئے جانے کا بھی الزام لگایا ہے۔پی ٹی آئی کے چیئر مین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے الزام لگایا گیا ہے کہ شہباز گل کے ساتھ کئے جانے والے تشدد میں جنسی زیادتی بھی شامل ہے۔

شہباز گل کے تعلق سے تازہ رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ انہیں سانس لینے میں تکلیف ہے اور ان کی صحت کی نگرانی کے لئے تشکیل دیئے گئے میڈیکل بورڈ نے ان کے پھیپھڑوں کے مکمل چیک اپ اور اینجیو گرافی کا فیصلہ کیا ہے۔ ایک اور رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پی ٹی آئی نے اسلام آباد انتظامیہ سے شہباز گل کے ساتھ کئے جانے والے مبینہ تشدد کے خلاف اسلام آباد میں احتجاجی ریلی نکالنے کی اجازت مانگی ہے۔

ٹیگس