پاکستان میں سیلاب متاثرہ علاقوں میں ملیریا اورگیسٹرو سے مزید 12 افراد جاں بحق
دادو، کندھ کوٹ اورکشمور کے علاقوں میں ملیریا اورگیسٹرو کے امراض سے 12مزید افراد جاں کی بازی ہاری گئے۔
پاکستانی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق سیلاب کے بعد پھیلنے والی بیماریوں نے سیلاب متاثرین کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، ملیریا، گیسٹرو کے وبائی امراض تیزی سے پھیل رہے ہیں، عارضی کیمپوں اور پناہ گاہوں میں رہنے والے متاثرین کی زیادہ تر تعداد ملیریا پھوٹنے اور گیسٹرو سے اپنی جانیں گنوا رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق پیر کے دن مزید 12 افراد دادو، کندھ کوٹ اور کشمور کے علاقوں میں ملیریا اور گیسٹرو کا شکار ہوکر جاں بحق ہو گئے۔
متاثرینِ سیلاب غذائی قلت کا شکار ہیں اور پینے کا صاف پانی مہیا نہیں ہے، اردگرد کے علاقوں میں سیلابی پانی بھرا ہوا ہے جو ملیریا پھیلنے کی آماجگاہ ہے۔
بہت سے علاقوں میں میڈیکل امدادی ٹیمیں نہیں پہنچیں ہیں اور بروقت علاج کی سہولیات میسر نہ آنے، راستوں کی بندش اور سیلاب متاثرین کے میڈیکل اخراجات برداشت نہ کر سکنے کی وجہ سے بیماریوں سے اموات کا سلسلہ جاری ہے۔