Sep ۲۲, ۲۰۲۲ ۱۱:۳۳ Asia/Tehran
  • سیلاب کے بعد ہمیں بھیک نہیں انصاف چاہئیے: پاکستان

پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے سیلاب کو عالمی تباہی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس تباہی کا ادراک عالمی سطح پر ہونا چاہئے اور ہمیں اس پر قابو پانے کے لئے بھیک نہیں عالمی برادری سے انصاف چاہئے۔

فرانسیسی میڈیا کو انٹرویو دیتے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان میں سیلاب سے ڈیڑھ ہزار سے زائد اموات ہوئی ہیں اور اب سیلاب کے بعد صحت اور خوراک جیسے بحرانوں کا سامنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اس وقت تیس ارب ڈالر امداد کی ضرورت ہے۔وزیر خارجہ پاکستان نے کہا کہ پڑوسی ملک ہندوستان سے بھی گلہ کیا اور کہا کہ وہ ہمیں سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لئے معاونت کی پیشکش کرنے میں ناکام رہا۔

انہوں نے حکومتِ ہندوستان پر فسطائیت اور اسلاموفوبیا پر مبنی پالیسی اپنانے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ اس ملک میں مسلمان غیرمحفوظ ہیں۔

بلاول بھٹو نے یہ بھی کہا کہ اس وقت ہندوستان کے ساتھ کسی قسم کے رابطے نہیں ہیں۔

پاکستان کے وزیر خارجہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہندوستان نے کشمیر میں مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کی کوشش کی، جموں و کشمیر کی جغرافیائی حدود میں تبدیلی اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی ہے۔

 

ٹیگس