عمران خان نے نااہلی کے فیصلے کو چیلنج کردیا
پاکستان میں سابق وزیر اعظم عمران خان نے اپنے خلاف الیکشن کمیشن کے نااہلی کے فیصلے کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا ہے۔
پاکستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق پی ٹی آئی چیئر مین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے اپنے خلاف الیکشن کمیشن کے حالیہ فیصلے کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں اپیل دائر کردی ہے۔
الیکشن کمیشن کے نااہلی کے فیصلے کوکالعدم قرار دیئے جانے کی درخواست عمران خان کی جانب سے ان کے وکیل بیرسٹر علی ظفر نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں جمع کرائی ہے۔
عمران خان کی اپیل میں سیکریٹری الیکشن کمیشن اور قومی اسمبلی کے اسپیکر اور سیکریٹری سمیت مختلف عہدیداروں کو فریق بنایا گیا ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے اپیل سماعت کے لئے منظور کرلی ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان کے الیکشن کمیشن نے توشہ خانہ کیس میں عمران خان کو نا اہل قرار دے دیا ہے۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ عمران خان کو آئین کے آرٹیکل ترسٹھ پی کے تحت نا اہل قرار دیا گیا ہے اور اب وہ قومی اسمبلی کے رکن نہیں رہے ۔
دوسری طرف الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف پرتشدد احتجاج پر پی ٹی آئی کے متعدد اراکین کے خلاف اسلام آباد کے تھانہ آئی نائن میں انسداد دہشت گردی کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
ایف آئی آر میں پی ٹی آئی کے کارکنوں پر پولیس، ایف سی اور دیگر اداروں کے اہلکاروں پر پتھراؤ کا الزام ہے جس میں حکومتی ذرائع کے مطابق متعدد اہلکار زخمی ہوگئے ہیں ۔