ٹی20 ورلڈ کپ، پاکستان، انگلینڈ ، نیوزی لینڈ اور ہندوستان سیمی فائنل میں
ٹی20 ورلڈ کپ کے ایک اہم میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو 5 وکٹوں سے ہرا دیا۔
سحر نیوز/دنیا: ٹی20 ورلڈکپ میں سپر 12 مرحلے کے 27 ویں اور اہم میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو 5 وکٹوں سے شکست دیکر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔
ایڈیلیڈ میں کھیلے جارہے میچ میں بنگلہ دیش کے کپتان شکیب الحسن نے ٹاس جیت کرپہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بنگال ٹائیگرز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 127 رنز بناسکی۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 4، شاداب خان 2 جبکہ افتخار احمد اور حارث رؤف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے محتاط آغاز کیا، جس کے باعث ٹیم ابتدا سے پریشر میں نظر آئی، کپتان بابراعظم ایک بار پھر اوپننگ میں ناکام رہے، انہوں نے 33 گیندوں پر 25 رنز بنائے۔ محمد رضوان 32 جبکہ محمد نواز 4 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ میچ کے اختتامی لمحات میں محمد حارث نے جارحانہ کھیل پیش کیا اور 18 گیندوں پر 31 رنز کی اننگز کھیلی۔
اس سے قبل ٹی20 ورلڈ کپ کے ایک اہم میچ میں انگلینڈ نے سری لنکا کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا، جس کے بعد میزبان اور دفاعی چمپیئن آسٹریلیا ٹورنامنٹ سے باہر ہوگیا۔
ٹی20 ورلڈ کپ کے گروپ ون سے سیمی فائنل کی ریس مکمل ہوئی جہاں سے نیوزی لینڈ پہلے کوالیفائی کرچکا تھا تاہم گروپ ٹو سے دو ٹیموں میں سے ایک کا فیصلہ ہوگیا اور دوسرے کا آج فیصلہ ہو جائیگا تاہم زمبابوے کے خلاف میچ سے پہلے ہی ہندوستان کو سیمی فائنل میں پہنچنے کی خوشخبری ملی ہے۔