محمد بن سلمان کا دورۂ پاکستان ملتوی، پاکستانی وزیر دفاع نے تصدیق کر دی
سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان نے تحریک انصاف کے دھرنے سے ڈر کر دورہ ملتوی کر دیا ہے۔
سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی ذرائع ابلاغ نے وزیر دفاع خواجہ آصف کے حوالے سے بتایا ہے کہ سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان نے تحریک انصاف پاکستان کے اسلام آباد کی جانب بڑھتے لانگ مارچ کے باعث اپنا دورۂ پاکستان ملتوی کر دیا ہے۔
خواجہ آصف نے ٹوئٹر پر کہا: عمران خان نے سات سال پہلے اپنے دھرنے سے چینی صدر کا دورہ ملتوی کرایا تھا اور اب موجودہ دھرنے سے سعودی ولی عہد کا 21 نومبر کو ہونے والا دورہ ملتوی ہو گیا ہے، یہ شخص ملک مخالف ایجنڈے پر کام کر رہا ہے۔
خواجہ آصف نے اپنی ٹوئیٹ میں لکھا کہ اس بات کی تائید پاکستان دفتر خارجہ نے بھی کر دی ہے۔
یاد رہے کہ پاکستانی وزیراعظم شہبازشریف نے دورۂ سعودی عرب سے واپسی پر سعودی ولی عہد کے پاکستان دورے کی خبر دی تھی اور اس حوالے سے پاکستانی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بھی قبیلۂ آل سعود کے ولیعہد کے دورہ کے انتظامات کو فائنل کرنے کے لئے سعودی عرب کا دو روزہ دورہ کیا تھا۔
اس دورے میں سعودی شہزادے کو پاکستان کی 4.2 بلین ڈالر کے اضافی پیکج کا اعلان کرنا تھا جو ابھی کھٹائی میں پڑ گیا ہے۔