تحریک انصاف موجودہ حکومت کو غیر آئینی طریقے سے ہٹانے کی مخالف
پی ٹی آئی کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ پاکستان میں فیصلے کرنے والے لوگ مزید تجربے کرنا بند کریں۔
سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کو غیر آئینی طریقے سے ہٹانے کی کوشش کی گئی تو پی ٹی آئی مزاحمت کرے گی۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ موجود حکومت ناکام ہے یا کامیاب، تبدیلی آئینی طریقے سے ہی ہونی چاہیے کیونکہ ملک میں اس وقت ٹیکنوکریٹ کے حوالے سے ایک سوچ پیدا ہورہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیکنو کریٹ غیر آئینی طریقے کی سوچ ہے اور یہ حکومت آئین سے ماورا ہوگی، جس کو پی ٹی آئی کسی صورت نہیں مانے گی اور ہم اس کے خلاف مزاحمت بھی کریں گے۔ فواد چوہدری نے دعویٰ کیا کہ اس وقت ملک میں ٹیکنو کریٹ حکومت لانے کی سوچ ہے، ایک دو لوگوں نے رابطہ بھی کیا اور ہمارا مؤقف جاننے کی کوشش کی۔
فواد چوہدری نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی پر اسمبلیوں کی تحلیل کے حوالے سے سمری رکوانے پر شدید دباؤ تھا مگر عمران خان کا واضح مؤقف ہے کہ ہم آئین کے دائرے سے باہر نہیں جائیں گے۔
پی ٹی آئی کے رہنما نے کہا کہ پاکستان میں فیصلے کرنے والے لوگ مزید تجربے کرنا بند کریں، اگر آپ کسی پر بم یا مزائل حملہ کریں گے تو وہ بھی جواب دے گا، ہم مزید تجربوں کے متحمل نہیں ہو سکتے۔
انہوں نے کہا کہ 8 ماہ کے دوران دہشتگردی میں 52 فیصد اضافہ ہوا ہے، افغانستان میں صورتحال خراب ہوگی تو پاکستان میں بھی ہوگی۔
پی ٹی آئی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی عوام کے فیصلوں کے سامنے سر تسلیم خم کرنا ہوگا، پاکستان کے ساتھ تجربے اور مذاق بند ہونے چاہئیں، عمران خان کے بغیر پاکستان کی سیاست بھانجھ ہے، پی ڈی ایم سے کسی قسم کی بات چیت نہیں ہوئی، جلد از جلد آئین کے اندر آنا ضروری ہے، ہم مزید تجربوں کے متحمل نہیں ہوسکتے۔