Jan ۰۹, ۲۰۲۳ ۰۹:۱۰ Asia/Tehran
  • پاکستانی سیلاب متاثرین کے سلسلے میں آج جنیوا میں کانفرنس

اسلام آباد اور اقوام متحدہ کی میزبانی میں پاکستانی سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے آج ایک کانفرنس جنیوا میں ہو رہی ہے۔

سحر نیوز/پاکستان: اطلاعات ہیں کہ جنیوا میں ہونے والی اس کانفرنس میں وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف سیلاب متاثرین کی بحالی کا فریم ورک پیش کریں گے۔ اسکے علاوہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوٹیرس اور فرانسیسی صدر میکرون بھی کانفرنس سے خطاب کریں گے۔

پاکستان کے وزیر اعظم اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ جنیوا پہنچ گئے ہیں، وفد میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار بھی شامل ہیں۔ روانگی سے قبل وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ سیلاب سے متاثر ہونے والے لاکھوں پاکستانی دنیا کی توجہ کے منتظر ہیں، کانفرنس میں حکومتی نمائندوں، پرائیویٹ ڈونرز اور بین الاقوامی مالیاتی اداروں سمیت ڈھائی سو لوگوں کی شرکت متوقع ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان میں گزشتہ موسمی بارشوں کے بعد گزشتہ کئی دہائیوں کا بدترین سیلاب آ گیا تھا جس سے اسی لاکھ افراد بےگھر اور ایک ہزار سات سو افراد جاں بحق ہوئے تھے جبکہ مجموعی طور پر تقریباً تین کروڑ افراد متاثر ہوئے۔

پاکستان کی مرتب کردہ رپورٹ کے مطابق موسمیاتی تبدیلیوں کے شکار اس ملک کو سیلاب متاثرین کی بحالی اور تعمیر نو کے لیے 16 ارب 30 کروڑ ڈالر درکار ہیں۔

ٹیگس