Jan ۲۳, ۲۰۲۳ ۱۸:۰۷ Asia/Tehran
  • محسن نقوی نا منظور، عدالت جائیں گے سڑکوں پر نکلیں گے: عمران خان

عمران خان نے الیکشن کمیشن کی جانب سے محسن نقوی کو نگراں وزیراعلیٰ پنجاب مقرر کیے جانے کے فیصلے کی سخت مخالفت کرتے ہوئے کل سے ملک بھر میں احتجاج کا اعلان کردیا۔

سحر نیوز/ پاکستاتن: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے اپنے ویڈیو خطاب کے دوران کہا کہ الیکشن کمیشن نے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے، نگراں وزیراعلیٰ کی تقرری کے خلاف عدالت جارہے ہیں، کل سے مظاہرے شروع کررہے ہیں۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ کل لاہور جبکہ بدھ کو راولپنڈی میں احتجاج کریں گے، محسن نقوی ہمارے مخالف پولیس والوں اور بیورو کریٹ کو لگائے گا جو الیکشن میں دھاندلی کرے گا۔

انہوں نے دعوی کیا کہ محسن نقوی کو وزیراعلیٰ بنانے کے پیچھے وہ لوگ ہیں جنہوں نے عمران خان کے اوپر کاٹا ڈالا ہوا ہے، سیاستدانوں کے اوپر کاٹا لگانے کا نقصان پورے ملک کو ہوتا ہے، ہم نے پوری کوشش کی کہ انتشار نہ ہونے دیں۔

عمران خان نے کہا کہ محسن نقوی نے میری حکومت گرانے کی سب سے زیادہ کوشش کی، محسن نقوی نے میری حکومت کے خلاف سب سے زیادہ سازش کی، 2008 میں محسن نقوی نے 35 لاکھ روپے نیب کو واپس کیے۔

عمران خان نے دعوی کیا کہ جب حکومت میں تھا تو رپورٹ آئی، ایک آدمی جس نے سب سے زیادہ کوشش کی حکومت گرانے کی اس کا نام محسن نقوی تھا، ہماری حکومت گرانے میں ایک شخص بھاگا پھرتا تھا وہ محسن نقوی تھا، آئی بی نے محسن نقوی کی سرگرمیوں سے متعلق رپورٹ دی تھی، جس کو زرداری نے بیٹا بنایا ہوا ہے، اس کی ساکھ کیا ہو گی، باہر کی دنیا میں آصف زرداری کو مسٹر ٹین پرسنٹ کہا گیا، جنرل باجوہ کے این آر او ٹو ملنے سے یہ سب بچ گئے، محسن نقوی میں نہ اخلاقی معیار ہے نہ غیرجانبداری۔

ٹیگس