پاکستان کے وزیراعظم کا ملک میں توانائی کی کمی کے بارے میں بیان
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ان کے ملک کو صاف اور سستی توانائی کی ضرورت ہے۔
سحر نیوز/ پاکستان: کراچی میں ایک ترقیاتی منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے یہ بات زور دے کر کہی کہ ملک کو ترقی دینے کے لیے ہمیں شمسی توانائی اور پن بجلی کے منصوبوں کو فروغ دینا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت سستی اور کلین انرجی کی ضرورت ہے اور اس سلسلے میں سولر پاور جنریشن، ہائیڈرو پاور اور ونڈ پاور منصوبے اہم کردار ادا کرسکتے ہیں ۔
پاکستان میں توانائی کا بحران مسلسل شدت اختیار کرتا جارہا ہے جس کی وجہ سے پیداواری سیکٹر کی سرگرمیاں بری طرح متاثر ہو رہی ہیں ۔ توانائی کے ایک پائیدار اور مستقل ذریعے کے طور پر اسلامی جمہوریہ ایران اپنے ہمسایہ ملک کی ضرورت پوری کرسکتا ہے۔ ایران نے آئی پی معاہدے کے تحت کئی برس پہلے ہی گیس پائپ لائن، پاکستان کی سرحد تک پہنچادی ہے لیکن حکومت اسلام آباد مختلف وجوہات اور دباؤ کی بنا پر، اپنے علاقے میں پائپ لائن بچھانے اور تہران سے سستی گیس حاصل کرنے سے گریز کرتا آیا ہے۔