کراچی کے ریلوے اسٹیشنوں پر سیکورٹی ہائی الرٹ
کراچی میں پولیس آفس پر حملے کے بعد سبھی ریلوے اسٹیشنوں سمیت شہر کے حساس علاقوں کی سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے
سحر نیوز/ پاکستان: کراچی سے ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق پولیس ہیڈ آفس پر جمعے کی رات کے حملے کے بعد پورے شہر میں سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے ۔
اس رپورٹ کے مطابق شہر کے سبھی حساس مراکز کے حفاظت کے انتظامات پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ریلوے پولیس کو سبھی ریلوے اسٹیشنون، پلیٹ فارموں اور ریل گاڑیوں کو فول پروف سیکورٹی فراہم کرنے کے احکامات صادر کردیئے گئے ہیں۔
ان احکامات میں سبھی ریلوے اسٹیشنوں، اور ریل گاڑیوں کو بم ڈسپوزل اسکواڈ اور اسپیشل برانچ کے ذریعے سرچ اینڈ کلیئر آپریشن بھی شامل ہے۔
بتایا گیا ہے کہ ریلوے اسٹیشنوں میں داخل ہونے اور وہاں سے نکلنے کے راستوں پر چیکنگ بڑھادی گئی ہے۔
یاد رہے کہ جمعے کی رات کراچی پولیس آفس پر دہشت گردوں کے حملے میں ایک رینجر اور دو پولیس کے اہلکاروں سمیت چار اہلکار مارے گئے تھے ۔ پولیس کے ساتھ جھڑپ میں تین دہشت گرد بھی ہلاک ہوئے ہیں ۔
اس حملے کی ذمہ داری طالبان پاکستان نے قبول کی ہے۔ اسی کے ساتھ پولیس ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ حملہ کرنے والے دہشت گردوں کا تعلق شمالی وزیر ستان سے تھا ۔ اس رپورٹ کے مطابق حملے میں شریک تیسرا دہشت گرد بھاگ نکلنے میں کامیاب رہا ۔ اس کا تعلق بھی شمالی وزیرستان سے ہی تھا۔
پولیس نے بتایا ہے کہ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں نے خودکش جیکٹیں پہن رکھی تھیں جن کا وزن آٹھ سے دس کلو تھا۔ اس کے علاوہ دہشت گردوں کے پاس سے آٹھ دستی بم اور تین گرینیڈ بھی برآمد ہوئے ہیں ۔