Mar ۱۴, ۲۰۲۳ ۱۵:۵۲ Asia/Tehran
  • عمران خان کی گرفتاری کیلئے رینجرز طلب، زمان پارک میں حالات کشیدہ

تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ شیلنگ، لاٹھی چارج اورتشدد بند کردیا جائے۔

سحر نیوز/ پاکستان: توشہ خانہ کیس میں پی ٹی آئی کے چئیرمین عمران خان کی گرفتاری کے لیے اسلام آباد پولیس کے بعد رینجرز بھی لاہور میں زمان پارک پہنچ گئی اورسیکیورٹی فورسز کی کوشش ہے کہ کسی بھی طور عمران خان کو گرفتار کر لیا جائے۔

زمان پارک میں اس وقت پولیس اور تحریک انصاف کے کارکنوں کے مابین شدید جھڑپیں جاری ہیں اور مزاحمت پر پولیس نے کارکنان پر لاٹھی چارج کیا، واٹر کینن کا استعمال کیا اور آنسو گیس کے شیل داغے جبکہ کارکنوں ںے پولیس پر پتھراؤ کیا۔

اس وقت اسلام آباد پولیس کے ہمراہ لاہور پولیس کی بھاری نفری بھی عمران خان کے گھر کے باہر ہے، پولیس نے زمان پارک جانے والے تمام راستے بند کردیے۔ اسلام آباد پولیس کی جانب سے ڈی آئی جی آپریشن اسلام آباد شہزاد ندیم بخاری بکتر بند گاڑی اور پولیس ٹیم کے ہمراہ وہاں موجود ہیں ۔

دوسری جانب تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں پولیس سے کہنے آیا ہوں کہ وہ یہاں بلاوجہ لوگوں کی جان کو خطرے میں نہ ڈالیں، ہم پرامن ہیں اور ہم قانون کو ہاتھ میں نہیں لے رہے۔

انہوں نے کہا کہ متعلقہ افسر مجھ سے آ کر بات کرے کہ کون سا وارنٹ ہے، میں ان کی بات سن کر عمران خان سے گفتگو کروں گا اور گفتگو کر کے ہم ایک راستہ نکالیں گے، شیلنگ اور لاٹھی چارج بند کردیا جائے، تشدد بند کردیا جائے۔

ٹیگس