توشہ خانہ سے کروڑوں روپے مالیت کے تحفے اونے پونے خریدے گئے، رپورٹ
پاکستان میں سیاستدانوں، اعلی سول اور فوجی عہدیداروں کے علاوہ ان کے لواحقین نے بھی توشہ خانہ سے کروڑوں کی مالیت کے تحفے اونے پونے خریدے ہیں۔
سحر نیوز/ پاکستان: حکومت پاکستان کی جاری کردہ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں گزشتہ دو عشرے کے دوران سیاستدانوں، اعلی سول عہدیداروں اور ریٹائرڈ جرنیلوں کے لواحقین نے چھبیس کروڑ روپے سے زائد کی مالیت کے غیر ملکی تحائف انتہائی معمولی قیمت پر حاصل کئے ہیں ۔
اس رپورٹ کے مطابق مذکورہ مدت کے دوران پاکستانی حکام کے لواحقین نے مجموعی طور پر چھبیس کروڑ روپے مالیت کے غیر ملکی تحائف صرف پانچ کروڑ سڑسٹھ لاکھ روپے ادا کرکے حاصل کئے ہیں۔
حکومت پاکستان کی جاری کردہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ان دس سر فہرست شخصیات میں جن کے لواحقین نے توشہ خانہ سے معمولی قیمت پر بیش بہا غیر ملکی تحائف حاصل کئے ، چار افراد ، میاں نواز شریف، ممنون حسین ، شاہد خاقان عباسی اور احسن اقبال کا تعلق مسلم لیگ ن سے ہے ۔
اس رپورٹ کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان ، موجودہ صدر ڈاکٹر عارف علوی ، سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی ، سابق فوجی ڈکٹیٹر جنرل پرویز مشرف اور سابق وزیراعظم شوکت عزیز کے علاوہ سابق ملٹری سیکریٹری ریٹائرڈ بریگیڈیئر وسیم افتخار چیمہ کے اہل خانہ نے بھی توشہ خانہ سے غیر معمولی قیمت کے غیر ملکی تحائف انتہائی معمولی قیمت اور تقریبا مفت حاصل کرنے والوں میں شامل ہیں۔