سوات: تھانے میں دھماکوں سے 68 افراد جاں بحق و زخمی، صدر اور وزیر اعظم کی مذمت
سوات میں تھانے کے اندر دو دھماکے ہوئے جس کی زد میں آ کر 68 افراد جاں بحق و زخمی ہوئے۔
سحر نیوز/ پاکستان: سوات کے علاقے کبل میں سی ٹی ڈی تھانے کے اندر 2 دھماکوں سے 15 افراد جاں بحق اور 53 زخمی ہوگئے۔ دھماکے کے بعد امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور دھماکے کے بعد زخمیوں کو سیدو شریف اسپتال منتقل کیا گيا۔
ڈی پی او نے کہا کہ کبل دھماکہ دہشت گردی نہیں تھی، سی ٹی ڈی تھانہ میں موجود دھماکہ خیز مواد بجلی شارٹ سرکٹ کی وجہ سے پھٹا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ مبلے تلے مزید دھماکہ خیز مواد موجود ہوسکتا ہے، سی ٹی ڈی تھانہ کی 3 منزلہ عمارت میں تقریباً 50 اہلکار موجود تھے جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق باہر سے کسی دہشت گردی یا حملہ کے شواہد نہیں ملے۔
علاوہ ازیں ڈی آئی جی سی ٹی ڈی خالد سہیل نے بتایا کہ سی ٹی ڈی کبل میں 2 دھماکے ہوئے، تھانے میں اسلحہ اور مارٹر گولے بھی موجود تھے، ہوسکتا ہے مارٹر گولے پھٹنے سے دھماکے ہوئے ہوں ۔
پاکستان کے صدر عارف علوی اور وزیراعظم شہباز شریف سمیت سیاسی و مذھبی جماعتوں کے رہنماوں نے کبل میں سی ٹی ڈی تھانہ میں دھماکے کی شدید مذمت کی اور قیمتی جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا۔