May ۱۵, ۲۰۲۳ ۱۲:۵۷ Asia/Tehran
  • پی ڈی ایم کے کارکن دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ریڈ زون میں داخل

حکومتی اتحاد میں شامل جماعتوں کے کارکنان احتجاج اور دھرنے کے لیے پاکستان کے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے ریڈ زون میں داخل ہوکر سپریم کورٹ کے باہر پہنچ گئے۔

سحر نیوز/ پاکستان: پاکستانی میڈیا کے مطابق پی ڈی ایم جماعتوں کے کارکن گیٹ پھلانگ کر ریڈ زون  میں داخل ہوئے اور نعرے لگاتے ہوئے عدالت عظمیٰ کے باہر پہنچے، جہاں ایف سی اور پولیس اہل کاروں نے انہیں روکنے کی کوشش نہیں کی ۔ پولیس حکام کی جانب سے مظاہرین سے مذاکرات کی کوشش کی گئی۔

سپریم کورٹ کے باہر احتجاج کے لیے آنے والے کارکنوں کو روکنے کے لیے پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری پہلے ہی الرٹ کردی گئی تھی جب کہ صورت حال کو دیکھتے ہوئے شاہراہ دستور کو بھی عارضی طور پر ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا تھا۔

ترجمان اسلام آباد کیپٹل پولیس کی جانب سے پی ڈی ایم جماعتوں کے کارکنوں کے ریڈ زون میں داخلے کی تصدیق کردی گئی ہے۔ سپریم کورٹ کے گیٹ پر پہنچنے والے کارکن نعرے بازی میں مصروف ہیں ۔ پولیس نے مظاہرین سے پرامن رہنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خدشات موجود ہیں، لہٰذا عوام سے گزارش ہے کہ اجتماع والے مقامات سے دُور رہیں۔ ترجمان نے عوام سے تعاون کی درخواست بھی کی ہے۔

علاوہ ازیں مظاہرین نے سپریم کورٹ ججز گیٹ کے سامنے اسٹیج لگا لیا جہاں سے احتجاج میں شریک جماعتوں کے رہنما تقریر کررہے ہیں ۔ احتجاج کے دوران مظاہرین کی جانب سے عمران خان کے خلاف نعرے بازی کی جا رہی ہے۔

اسلام آباد کے ریڈ زون میں دھدرنا ایسے میں جاری ہے کہ جب وفاقی دارالحکومت میں دفعہ 144 نافذ ہے جب کہ اہم تنصیبات اور عمارتوں کی سکیورٹی کے لیے فوج پہلے ہی تعینات ہے ۔ آج کے دھرنے اور احتجاج سے پی ڈی ایم کی حکومت نے اپنے ہی قوانین کو پاوں تلے روند ڈالا۔

ٹیگس