Jun ۳۰, ۲۰۲۳ ۱۶:۲۳ Asia/Tehran
  • ہمارا ٹرسٹ عالمی اداروں سے اٹھنا شروع ہوگیا: پاکستانی وزیراعظم

پاکستان کے وزیراعظم نے کہا ہے کہ قومیں قرضوں سے ترقی نہیں کرتیں، قرض ہمیں مجبوری میں لینا پڑ رہا ہے، عوام دعا کریں کہ یہ آخری آئی ایم ایف پروگرام ہو۔

سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے آئی ایم ایف معاہدے پر اسلام آباد میں پریس بریفنگ میں کہا کہ آئی ایم ایف سے قرض لینا لمحہ فکریہ ہے یہ قرض مجبوری میں لینا پڑا ہے دعا ہے آئی ایم ایف کے پاس دوبارہ جانا نہ پڑے، ترکی نے 2007ء میں آخری بار آئی ایم ایف سے قرض لیا تھا۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہمارا ٹرسٹ عالمی اداروں سے اٹھنا شروع ہوگیا، کویڈ کے دور میں گیس حاصل کی جا سکتی تھی، گیس تین ڈالر پر آگئی تھی مگر معاہدہ نہیں کیا گیا، لیکن اب آذربائیجان سے سستی گیس کی فراہمی کا معاہدہ ہو چکا ہے۔

شہباز شریف ںے کہا کہ چین کا شکریہ ادا کرنے کے لیے میرے پاس الفاظ ہی نہیں، پچھلے تین ماہ میں چین نے پاکستان کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا، چین نے پانچ ارب ڈالر کا قرضہ ادا کیا ہے، سعودی عرب نے دو ارب ڈالر کا معاہدہ کیا اور اسے پورا کیا، یو اے ای نے ایک ارب ڈالر کا معاہدہ کیا، سعودی عرب اور یو اے ای سے قرض دلانے میں ہمارے آرمی چیف کی بھی کوششیں شامل ہیں، کوئی اکیلا یہ معاملات طے نہیں کرسکتا تھا، یہ ٹیم ورک تھا، قطر نے ہماری مدد کی، اسلامی بینک کے سربراہ سے ملاقات کی دو ارب ڈالر کم تھے جنیوا میں انہوں نے مدد کی۔

شہباز شریف نے کہا کہ آئی ایم ایف سے اسٹاف لیول کا معاہدہ ہوچکا ہے، نو ماہ میں ہمیں تین ارب ڈالر ملیں گے اور جولائی کے مہینے میں بورڈ میٹنگ کے بعد قسطیں ملنا شروع ہوجائیں گی۔

ٹیگس