Jul ۲۳, ۲۰۲۳ ۱۰:۳۰ Asia/Tehran
  • گلگت بلتستان میں سیلاب کی تباہ کاریاں، 4 افراد جاں بحق کئی مکانات تباہ

غذر کے مختلف نالوں میں اونچے درجے کا سیلاب آنے کے بعد دریائے گلگت میں بھی پانی کی سطح خطرناک حد تک بڑھ گئی ہے۔

سحرنیوز/پاکستان: پاکستان کے شمالی علاقہ جات گلگت بلتستان میں برفانی جھیل کے پھٹنے سے آنے والے سیلاب نے پورے علاقے میں تباہی مچا رکھی ہے، جس سے کئی افراد جاں بحق ہوئے،10  مکانات اور 2 دکانوں کو نقصان پہنچا اور 2 گاڑیاں اور ایک موٹر سائیکل بھی تباہ ہوگئی۔
وادی کی طرف جانے والی سڑکیں بھی زیرِ آب آگئی ہیں، سیلاب کھڑی فصلوں، مکئی کے کھیتوں، چیری اور خوبانی کے باغات کو بھی بہا لے گیا، 3 نہروں کو بھی نقصان پہنچا جو بہت سے رہائشیوں کے لیے آبپاشی اور پینے کے پانی کا اہم ذریعہ ہیں، کئی لوگوں کو عبادت گاہوں میں پناہ لینا پڑی۔
دوسری جانب پولیس کے مطابق جگلوٹ سکردو روڈ پر شنگوس کے مقام پر پہاڑی تودہ کار پر گرنے سے  4 افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہوا ہے۔
ایس ایس پی سکردو کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 3 خواتین اور ایک بچہ شامل ہے، جاں بحق افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔
وادی یاسین سے تعلق رکھنے والے حکومتِ گلگلت بلتستان کے ایک سینیئر وزیر غلام محمد نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں لوگوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں جو پانی کی قلت کا شکار ہیں۔ رابطہ سڑکوں کی بحالی کا کام بھی ہنگامی بنیادوں پر شروع کر دیا گیا ہے۔
غذر کے مختلف نالوں میں اونچے درجے کا سیلاب آنے کے بعد دریائے گلگت میں بھی پانی کی سطح خطرناک حد تک بڑھ گئی۔
دریا کے کنارے رہنے والے لوگوں کو چوکنا رہنے کو کہا گیا ہے، اسکردو، گھانچے اور شگر میں مختلف نالوں میں اونچے درجے کے سیلاب نے بھی کافی نقصان پہنچایا ہے۔

ٹیگس