Aug ۰۴, ۲۰۲۳ ۱۵:۰۸ Asia/Tehran
  • کراچی میں شاہراہ امام خمینی (رح) کا افتتاح

کراچی میں آج اولڈ کلفٹن کی سڑک شاہراہ امام خمینی (رح) میں تبدیل ہونے کی تقریب کے مہمان خصوصی ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان تھے۔

سحر نیوز/ پاکستان: میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان کے ہمراہ شاہراہ امام خمینی (رح) کا افتتاح کیا۔

افتتاحی تقریب کے موقع پراولڈ کلفٹن کی سڑک کو ایران اور پاکستان کے پرچموں سے خوبصورتی کے ساتھ سے سجایا گیا تھا۔

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے افتتاحی تقریب سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سڑک کی افتتاحی تقریب میں شرکت پر ایرانی وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کرتے ہیں، ہمسایہ ملک ایران کے ساتھ پاکستان کے گہرے دوستانہ تعلقات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تاریخی تعلقات کے پیش نظر اولڈ کلفٹن کی تاریخی سڑک کا نام شاہراہ امام خمینی (رح)  رکھنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ اولڈ کلفٹن پر واقع کلفٹن گارڈن کو پہلے ہی حضرت سلمان فارسی کے نام سے منسوب کیا جا چکا ہے۔

میئر کراچی نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان گہرے تاریخی اور ثقافتی روابط ہیں، مستقبل میں پاکستان اور ایران کے تعلقات میں مزید وسعت آئے گی۔

اولڈ کلفٹن کی سڑک کو امام خمینی (رح) سے منسوب کرنے کی تقریب میں ایرانی قونصل خانے کے عہدیداران اور دیگر افسران نے شرکت کی۔

اولڈ کلفٹن کی سڑک شاہراہ امام خمینی (رح) میں تبدیل ہونے سے یہ شاہراہ اب شاہراہ ایران سے مل گئی ہے۔

اس سے قبل آج کراچی پہنچنے پر ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔

ٹیگس