جڑانوالا فیصل آباد میں چرچوں پر حملوں میں ملوث 140 افراد گرفتار
پنجاب پولیس نے جڑانوالا میں عیسائی چرچ جلاؤ گھیراؤ کیس میں 140 بلوائیوں کو گرفتار کرنے کی خبر دی ہے جن میں دو مرکزی ملزم بھی شامل ہیں۔
سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق جڑانوالا فیصل آباد میں عیسائی چرچوں اور عیسائی آبادی کے جلاؤ گھیراؤ اور لوٹ مار میں ملوث 140 افراد کو گرفتار کرنے کی خبر ملی ہے۔
گرفتار کئے گئے افراد میں مرکزی ملزم بھی شامل ہیں جنہوں نے مساجد سے اعلان کرکے بلوا کرنے کےلئے عوام کو اشتعال دلایا تھا اور ان افراد کے خلاف مقدمات کا اندارج بھی کر لیا گیا ہے۔
یاد رہے گزشتہ روز جڑانوالا میں مشتعل پرتشدد ہجوم نے 20 چرچوں اور ایک عیسائی آبادی کو آگ لگا دی تھی۔ بلوائی آزادنہ طور پر چرچوں کے اندر لوٹ مار اور بے حرمتی کرتے رہے اور ان کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوئی تھی۔
پنجاب کے نگران وزیراعلی محسن نقوی نے ان حملوں کو ایک سوچی سمجھی سازش قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ملک کے امن و امان کو خراب تباہ کرنے والی کوشش ہے۔
قابل ذکر ہے کہ پاکستان میں اقلیتوں کی عبادت گاہوں پر ماضی میں بھی حملے کئے گئے ہیں لیکن آج تک ان جرائم میں ملوث افراد کو سزائیں نہیں دی گئیں۔