Aug ۲۷, ۲۰۲۳ ۱۱:۲۶ Asia/Tehran
  • بجلی بلوں کیخلاف احتجاج، پیسکو نے پولیس سے سیکیورٹی مانگ لی

پاکستان کے دوسرے شہروں کی طرح پشاور میں بھی بجلی کے بلوں میں ناقابل برداشت اضافے کے خلاف مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے اور عوام بجلی کے بلوں کو آگ لگا رہےہیں۔

سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے دوسرے شہروں کی طرح پشاور میں بھی بجلی کی قیمتوں میں اضافے اور ہوش ربا بلوں کے خلاف عوامی احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔ رپورٹ کے مطابق پیسکو (پشاور الیٹرک سپلائی کمپنی) نے اپنے اہلکاروں کو حکم دیا ہے کہ وہ اپنی گاڑیوں سے سرکاری نمبر پلیٹ اتار لیں اور محکمہ کی گاڑیوں کو غیر ضروری طور پر باہر نہ لے جائیں تاکہ انہیں مظاہرین کی طرف سے پہنچنے والے نقصان سے بچایا جا سکے۔ اس کے علاوہ پیسکو نے اپنے ملازمین کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بلوں کے خلاف احتجاج کرنے والے مظاہرین کے ساتھ اچھا برتاؤ کریں اور کسی تشدد کی صورت میں متعلقہ اتھارٹی یا پولیس کو رپورٹ دیں۔رپورٹ کے مطابق پشاور میں مسلسل چوتھے روز بھی بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف عوامی احتجاج کا سلسلہ جاری ہے اور عوام بجلی کے بلوں کو آگ لگا رہے ہیں۔ قومی وطن پارٹی کے چئیرمین آفتاب شیر پاؤ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستانی روپے کی قدر میں مسلسل گراوٹ ، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ناقابل برداشت اضافے اور بجلی کے بلوں اور ٹیرف میں اضافے سے واقعا نہ صرف عام عوام بلکہ ملازمین کےلئے زندگی جہنم بن گئی ہے۔ مظاہرین نے جی ٹی روڈ، قرارقرم ہائی وے اور دوسری کئی جگہوں پر روڈ کو بلاک بھی کئے رکھا۔

ٹیگس