Aug ۳۰, ۲۰۲۳ ۲۱:۰۴ Asia/Tehran
  • ایشیا کپ 2023: افتتاحی میچ، نیپال کے خلاف پاکستان کی شاندار جیت،

پاکستان کے شہر ملتان میں کھیلے گئے ایشیا کپ  2023  کے پہلے میچ میں پاکستانی ٹیم نے نیپال کو 238 رنوں سے ہرا دیا۔

سحر نیوز/ پاکستان: ایشیا کپ 2023 کرکٹ ٹورنامنٹ کا پہلا میچ آج پاکستان اور نیپال کے درمیان ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔ پاکستان نے ٹاس جیتا اور پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ پہلے بلے بازی کرنے کا پاکستان کا فیصلہ اس کے لئے بہت اچھا رہا۔

بابر اعظم اور افتخار احمد نے سینچریاں بنائیں، ان دونوں کھلاڑیوں نے 131 گیندوں پر 214 رن بنائے اور اپنی ٹیم کو بڑے اسکور تک پہنچادیا۔ بابر اعظم نے اپنے کیریئر کی 19ویں سنچری بنائی اور آخری اوور میں 151 رن پر ناٹ آؤٹ رہے۔ ان کی اننگز میں 14 چوکے اور 4 چھکے شامل رہے جبکہ افتخار احمد نے اپنے کیریئر کی پہلی سنچری مکمل کی اور 71 گیندوں پر 109 رن بنائے۔ انہوں نے 11 چوکے اور 4 چھکے لگائے۔  

بابر اعظم اور افتحار احمد کے شاندار کھیل کی بدولت پاکستان نےمقررہ 50 اووروں میں 6 وکٹ پر 342 رنوں کا بڑا اسکور کھڑا کرلیا اور نیپال کے سامنے جیت کے لئے 343 رنوں کا ہدف رکھا۔ جواب میں 24 ویں اوور میں نیپال کی پوری ٹیم 104 رن بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ اس طرح پاکستان کی ٹیم نے ایشیا کپ 2023 میں فاتحانہ آغاز کیا ہے۔ پاکستان کا دوسرا میچ اب سری لنکا سے 2 ستمبر کو ہوگا۔

 

ٹیگس