میاں نواز شریف 4 سال کی خود ساختہ جلاوطنی کے بعد پاکستان پہنچ گئے
سینیٹر اسحاق ڈار اور دیگر لیگی رہنماؤں نے اسلام آباد ائرپورٹ پر ان کا استقبال کیا۔
سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان کے سابق وزیراعظم میاں نواز شریف دبئی سے غیر ملکی ائرلائن کی خصوصی چارٹرڈ فلائٹ ایف زیڈ 4525 کے ذریعے پاکستان پہنچے۔ اس پرواز کو ’امید پاکستان‘ کا نام دیا گیا تھا، جس میں 194 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔
بعد ازاں نواز شریف کا خصوصی طیارہ اسلام آباد سے لاہور لینڈ کر گیا وہاں سے ایک خصوصی ہیلی کاپٹر کے ذریعے وہ لاہور کے مینار پاکستان پہنچ گئے جہاں وہ جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔
حکومت پنجاب کی جانب سے مینار پاکستان جلسے کے شرکا کے لیے 2 فیلڈ اسپتال بھی قائم کیے گئے ہیں۔ 2 بڑے کنٹینرز میں بنائے گئے فیلڈ اسپتال گیٹ نمبر 4 کے باہر کھڑے کیے گئے ہیں ، جہاں ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکل کا عملہ موجود ہونے کے ساتھ ادویات کی وافر مقدار بھی موجود ہے۔
نواز شریف 19 نومبر 2019ء کو ائرایمبولینس کے ذریعے علاج کے لیے لندن روانہ ہوئے تھے۔