پاکستان: میانوالی ایئر بیس پر دہشت گردوں کا حملہ، 9 دہشت گرد ہلاک، طیاروں کو پہنچا نقصان
پاکستانی فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کے مطابق بروقت کارروائی کے نتیجے میں 9 دہشت گرد مارے گئے۔
سحر نیوز/ پاکستان: پاکستانی فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 3 دہشت گردوں کو ایئر بیس میں داخلے سے پہلے ہی ہلاک کیا گیا جبکہ باقی 6 دہشت گردوں کو گھیرے میں لے کر ہلاک کر دیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آج صبح پاک فضائیہ کے میانوالی ٹریننگ ایئر بیس پر ایک ناکام دہشت گرد حملہ ہوا جسے الحمدللہ سیکیورٹی فورسز کے بروقت اور موثر جواب کی بدولت ناکام بنا دیا گیا، اہلکاروں اور اثاثوں کی حفاظت کو یقینی بنایا گیا۔
غیر معمولی جرأت اور بروقت جوابی کارروائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بیس میں داخل ہونے کے دوران 9 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا تاہم حملے کے دوران پہلے سے گراؤنڈ کیے گئے تین طیاروں اور ایک فیول باؤزر کو بھی کچھ نقصان پہنچا، علاقے کو مکمل طور پر کلیئر کرنے کے لیے ایک جامع مشترکہ کلیئرنس اور کومبنگ آپریشن آخری مراحل میں ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان کے علاقے پسنی سے اورماڑہ جانے والی سکیورٹی فورسز کی دو گاڑیوں پر دہشتگردوں کے حملے میں 14 فوجی اہلکار جاں بحق ہوگئے تھے۔