مولانا فضل الرحمن قطر پہنچے، حماس کے رہنماوں سے ملاقات اورغزہ متاثرین کے کیمپوں کا دورہ
مولانا فضل الرحمن حماس کے رہنماوں سے اہم ملاقاتوں کے لئے قطر پہنچ گئے، وہ غزہ متاثرین کے کیمپوں کا دورہ بھی کرسکتے ہیں۔
سحر نیوز/ پاکستان: موصولہ خبروں کے مطابق جمعیت علما اسلام (جے یو آئی ) ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمن ایک ہفتے کے دورے پر قطر اور ترکی گئے ہیں، جہاں وہ قطر میں حماس کے سیاسی دفتر کے سربراہ اسماعیل ہنیہ اور سابق سربراہ خالد مشعل سمیت حماس کے ديگر قائدین سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔
مولانا فضل الرحمن جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی رات قطر روانہ ہوئے- ان کے اس دورے کو سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر خفیہ رکھا جارہا ہے۔
ذرائع نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن ترکیہ، لبنان یا مصر کے کسی علاقے میں غزہ متاثرین کے کیمپوں کا دورہ بھی کرسکتے ہیں-
یاد رہے کہ مولانا فضل الرحمن نے حالیہ دنوں میں اپنے بڑے جلسے میں حماس قیادت کا ویڈیو خطاب بھی کرایا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمن ترکیہ اور قطر کی حکومتی شخصیات سے بھی ملاقاتیں کریں گے تاکہ جنگ بندی کرائی جاسکے۔
ذرائع کے مطابق جے یو آئی کے سربراہ غزہ میں پھنسے مظلوم فلسطینیوں کے لئے امدادی سامان کی ترسیل سمیت دیگر امور پر بھی عرب ممالک کی قیادت سے بات چیت کریں گے۔
مولانا فضل الرحمن پاکستانی عوام کی جانب سے فلسطینیوں کو مدد پہنچانے کے طریقہ کار پر حماس اور عرب ممالک کی قیادت سے بات چیت کریں گے۔
واضح رہے کہ جے یو آئی کے سربراہ پہلے پاکستانی رہنما ہیں، جو اسرائیل حماس تنازع میں کردارادا کرنے کیلئے قطر اور ترکیہ کے دورے پر گئے ہیں۔