Jan ۰۵, ۲۰۲۴ ۱۶:۳۶ Asia/Tehran
  • سینیٹ سے عام انتخابات ملتوی کرنے کی قرارداد کی منظوری پر سیاسی جماعتوں کا رد عمل

سینیٹ سے عام انتخابات ملتوی کرنے کی قرارداد کی منظوری پر پاکستان کی سیاسی جماعتوں نے سخت رد عمل کا اظہار کیا ہے۔

سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے مرکزی رہنما سینیٹر تاج حیدر کا کہنا ہے کہ چیئرمین سینیٹ نے آج سازشی کردار ادا کرکے سینیٹ کو سازش کا گڑھ بنا دیا ہے۔ جبکہ پیپلز پارٹی کے سینیٹر شہادت اعوان نے کہا ہے کہ الیکشن التوا سے متعلق سینیت کی منظور کردہ قرارداد آئین سے بغاوت ہے۔

پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ سینیٹ میں عام انتخابات ملتوی کرنے کی قرارداد منظور کرنا آئین پر حملہ ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ اس طرح چور دروازے سے قرارداد پیش کرنا اور منظور کرنا ایوان بالا کی توہین ہے۔

یاد رہے کہ آج سینیٹ اجلاس کے دوران قرارداد خیبرپختونخوا سے آزاد سینیٹر دلاور خان نے پیش کی۔

قرارداد میں کہا گیا کہ ملک کے بعض علاقوں میں شدید سردی کا موسم ہے، اس وجہ سے ان علاقوں کی الیکشن کے عمل میں شرکت مشکل ہے۔

سینیٹر دلاور خان نے کہا کہ الیکشن کے انعقاد کیلئے سازگار ماحول فراہم کیا جائے، چھوٹے صوبوں میں بالخصوص الیکشن مہم کو چلانے کیلئے مساوی حق دیا جائے اور الیکشن کمیشن شیڈول معطل کر کے سازگار ماحول کے بعد شیڈول جاری کرے۔

قرار داد میں کہا گیا کہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں صورتحال خراب ہے، جے یو آئی ف کے ارکان اور محسن داوڑ پر بھی حملہ ہوا، ایمل ولی خان اور دیگر سیاسی رہنماؤں کو بھی تھریٹ ملے ہیں۔

بعد ازاں سینیٹ نے سینیٹر دلاور خان کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد کو کثرت رائے سے منظور کرلیا۔

قرارداد کے وقت سینیٹ اجلاس میں 14 ارکان موجود تھے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں عام انتخابات کا انعقاد 8 فروری 2024 کو ہونا ہے جس کیلئے تمام تر تیاریاں کی جا رہی ہیں جبکہ الیکشن کمیشن نے انتخابات کا شیڈول بھی جاری کر دیا ہے۔

ٹیگس