Jan ۰۶, ۲۰۲۴ ۰۹:۰۵ Asia/Tehran

اسلام آباد، کراچی، لاہور اور کوئٹہ میں پاکستان کی ممتاز سیاسی و مذہبی شخصیات اور سینیئر غیر ملکی سفارتکاروں نے سانحہ کرمان کے شہدا کے لواحقین، ایران کی حکومت اور عوام کو تعزیت پیش کی ہے۔

سحرنیوز/پاکستان: اسلام آباد میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفارت خانے میں پاکستان کی ممتاز سیاسی و مذہبی شخصیات اور غیر ملکی سفیروں نے تعزیتی رجسٹر پر دستخط کئے اور کرمان دھماکے کی مذمت کی۔
کراچی میں بھی اسلامی جمہوریہ ایران کے کونسلیٹ میں سانحہ کرمان پر تعزیتی رجسٹر رکھے جانے کے بعد سندھ کے گورنر محمد کامران ٹسوری نے کونسلیٹ میں جاکر تعزیتی رجسٹر پردستخط کئے۔ انہوں نے ایران کے قونصلر جنرل سے ملاقات میں ایران کی حکومت اور عوام سے ہمدردی کا اظہار کیا اور تعزیت پیش کی۔پاکستان کے صوبہ سندھ کے گورنر نے کرمان دھماکے کی مذمت کی اور زخمیوں کے لئے جلد شفایابی کی دعا کی۔
اسی طرح کراچی کی دیگر سیاسی و مذہبی شخصیات نیز ملیشیا، افغانستان، مراکش، فرانس، تھائی لینڈ، قطر اور اردن کی کونسلیٹ کے سربراہوں نے بھی ایرانی کونسلیٹ پہنچ کر تعزیتی رجسٹر پر دستخط کئے اور سانحہ کرمان پر ایران کی قوم اور حکومت سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دہشت گردانہ حملے کی مذمت کی۔
لاہوراور کوئٹہ میں بھی اسلامی جمہوریہ ایران کی کونسلیٹ میں اہم سیاسی ومذہبی شخصیات اور سینیئر غیر ملکی سفارتکاروں نے تعزیتی رجسٹر پر دستخط کئے اور سانحہ کرمان پر اسلامی جمہوریہ ایران کے عوام اور حکومت کے ساتھ یک جہتی اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے شہید جنرل قاسم سلیمانی کی برسی کے موقع پر کرمان میں ہونے والے دہشت گردانہ دھماکوں کی مذمت کی ۔

ٹیگس