دہشت گرد انتخابات کے دوران عوامی اجتماعات کو نشانہ بنا سکتے ہيں: ڈپٹی کمشنر کوئٹہ
کوئٹہ میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ دہشت گرد انتخابات کے دوران عوامی اجتماعات کو نشانہ بناسکتے ہيں۔
سحر نیوز/ پاکستان: ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے اس سلسلے میں انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کو مراسلہ جاری کر دیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے سیکیورٹی خدشات پر امیدواروں کوعوامی اجتماعات سے گریز کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔
سیکیورٹی ایڈوائزری کوئٹہ سے قومی اور صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر انتخاب لڑنے والے امیدواروں کو جاری کی گئی ہے جس میں امیدواروں کو خاص طور پر چار سے چھے فروری تک غیر ضروری آمد و رفت اور عوامی اجتماعات سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔
ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے خبردار کیا ہے کہ نامعلوم دہشت گرد عوامی اجتماع کو نشانہ بنا سکتے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ امیدواروں سے درخواست ہے غیر ضروری عوامی اجتماعات کا انعقاد نہ کریں۔
واضح رہے کہ پچھلے دنوں بلوچستان خاص صور سے کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں انتخابی امیدواروں کے دفاتر اور گھروں پر دستی بم حملے کیے گئے اور سبی کے جناح روڈ پر پی ٹی آئی کی ریلی کے قریب زوردار دھماکہ بھی ہوا جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق اور 5 زخمی ہوئے۔