پاکستان: ہم وفاق میں حکومت کا حصہ نہیں بنیں گے، بلاول بھٹو زرداری
اسلام آباد میں پاکستان پیپلز پارٹی، پی پی پی، کی سینٹرل ایگزیکتیو کمیٹی کے اجلاس کے بعد نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم وفاق میں حکومت کا حصہ نہیں بنیں گے لیکن مسلم لیگ ن کے وزارت عظمی کے امیدوار کو ووٹ دیں گے۔
سحرنیوز/ پاکستان: پاکستانی میڈیا کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہمارا اصولی فیصلہ ہوا ہے کہ ملک کو بحران سے نکالنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری پارٹی کے پاس حکومت بنانے کا مینڈیٹ نہیں ہے لہذا میں وزارت عظمی کا امیدوار نہیں ہوں۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ پیپلز پارٹی اپنے منشور کے مطابق چلے گی، پیپلزپارٹی نے وفاقی کابینہ میں وزارتیں نہ لینے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک کے وسیع تر مفاد میں پیپلز پارٹی حکومت سازی میں مسلم لیگ ن کی مدد کرے گی۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی صوبہ سندھ اور بلوچستان میں حکومت بنائے گی۔
ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی چیئرمین سینیٹ، اسپیکر قومی اسمبلی، صدر مملکت اور چاروں صوبائی گورنر کے عہدے مانگے گی۔