Feb ۱۵, ۲۰۲۴ ۱۳:۲۷ Asia/Tehran
  • عمر ایوب پی ٹی آئی کے نامزد وزیراعظم

بانی پی ٹی آئی عمران خان نے عمر ایوب کو وزیراعظم کا امیدوار اور عاقب اللہ کو خیبرپختونخوا اسمبلی کے اسپیکر کے لیے امیدوار نامزد کردیا ہے۔

سحرنیوز/ پاکستان: پاکستان کی قومی اسمبلی کے سابق اسپیکر اسد قیصر نے اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے پوری مشاورت کی، بانی پی ٹی آئی نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی جنرل سیکریٹری عمرایوب کو وزیراعظم کا امیدوار نامزد کردیا ہے۔

انہوں نے دعوی کیا کہ ہمارے مینڈیٹ کو چوری کیا گیا ہے، بانی پی ٹی آئی پورے ملک میں احتجاج کی تاریخ کا اعلان کریں گے، عمران خان نے مجھے اسائنمنٹ دیا ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ بات کروں، مولانا فضل الرحمان، اے این پی اور دیگر جماعتوں سے بات کروں گا۔

اس موقع پر بیرسٹر سیف نے بتایا کہ عمران خان نے اسد قیصر کے بھائی عاقب اللہ کو خیبرپختونخوا اسمبلی کے اسپیکر کے لیے امیدوار نامزد کردیا ہے۔

واضح رہے کہ حالیہ عام انتخابات میں عمر ایوب خان قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 18 ہری پور سے  پی ٹی آئی کے آزاد امیدوار کے طور پر کامیاب ہوئے تھے، انہوں نے ایک لاکھ 92 ہزار 948 ووٹ حاصل کیے تھے جبکہ ان کے مدمقابل مسلم لیگ (ن) کے امیدوار بابر نواز ایک لاکھ 12 ہزار 389 ووٹ لے سکے تھے۔

عمر ایوب خان سابق اسپیکر قومی اسمبلی گوہر ایوب خان کے صاحبزادے ہیں، وہ گزشتہ سال 17 فروری کو پاکستان مسلم لیگ (ن) چھوڑ کر پی ٹی آئی میں شامل ہوئے تھے۔

27مئی 2023 کو عمران خان نے اسد عمر کی جانب سے استعفے کے بعد عمر ایوب خان کو پارٹی کا نیا سیکریٹری جنرل مقرر کردیا تھا۔

ٹیگس