Feb ۲۳, ۲۰۲۴ ۲۱:۰۲ Asia/Tehran
  • پاکستان: ایرانی سرحد تک گیس پائپ لائن بچھانے کی منظوری

پاکستان کی توانائی کمیٹی نے ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے کے تحت ایک اجلاس میں ایرانی سرحد تک گیس پائپ لائن بچھائے جانے کی منظوری دے دی ہے۔

سحرنیوز/ پاکستان: اسلام آباد سے ارنا کی رپورٹ کے مطابق جمعہ کو پاکستانی کابینہ کی توانائی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ملک کی توانائی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ گیس پائپ لائن کے مشترکہ منصوبے کی تکمیل پر غور کیا گيا۔

پاکستان کی پیٹرولیم وزارت نے اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ مشترکہ منصوبے کی تکمیل کو پاکستان کی توانائی کی سلامتی کی تقویت کا سبب قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ ملک کی توانائی کمیٹی نے گوادر بندرگاہ سے ایران پاکستان مشترکہ سرحد تک 80 کلومیٹر طویل پائپ لائن کی تعمیر پر اتفاق کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان کی وزارت تیل و قدرتی وسائل کے شعبہ رابطہ عامہ نے جمعہ کے روز ایک بیان جاری کرکے کہا کہ کابینہ کی توانائی کمیٹی کے آج کے اجلاس میں ایران پاکستان گیس پائپ لائن سے متعلق تفصیلات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

پاکستان کی وزارت پیٹرولیم نے بیان میں اس بات پر زور دیا ہے کہ ایران کے ساتھ گیس کا مشترکہ منصوبہ نہ صرف پاکستان کی توانائی کی سلامتی کو تقویت دے گا بلکہ مقامی صنعت کے اعتماد میں بھی اضافہ کرے گا۔ علاوہ ازیں، اس منصوبے سے صوبۂ بلوچستان میں معاشی سرگرمیوں میں بھی تیزی آئے گی اور پاکستان کی معاشی ترقی میں بھی مدد ملے گی۔

ٹیگس