پاکستان: سنی اتحاد کونسل کو مخصوص نشستوں کی الاٹمنٹ کا فیصلہ کل تک ٹل گیا
الیکشن کمیشن آف پاکستان میں سنی اتحاد کونسل میں آزاد امیدواروں کی شمولیت اور مخصوص نشستوں کی الاٹمنٹ سے متعلق درخواستوں پر سماعت کل تک ملتوی کردی گئی۔
سحر نیوز/ پاکستان: پاکستانی میڈيا کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں کے معاملے پر تمام درخواستیں یکجا کر دیں اور سماعت کل تک ملتوی کر دی۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیرِ صدارت کیس کی سماعت ہوئی جس کے دوران ایم کیو ایم کے رہنما خالد مقبول صدیقی کی جانب سے فروغ نسیم پیش ہوئے۔
پی ٹی آئی اور سنی اتحاد کونسل کی جانب سے بیرسٹرگوہر نے دوران سماعت مؤقف اختیار کیا کہ ہم یہاں اپنی مخصوص نشستوں کے لیے آئے ہیں، اگر سیاسی جماعتیں نشستیں لینا چاہتی ہیں تو وہ کھل کرکہیں کہ ہم یہ نشستیں لینا چاہتے ہيں
سماعت کے دوران چیف الیکشن کمشنر نے سبھی درخواستوں کو یکجا کرکے سماعت کل تک کے ملتوی کردی۔
دوسری جانب بانی پی ٹی آئی عمران خان نے اڈیالہ جیل میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی جیتی ہوئی ہے مگر پھر بھی ہمیں مخصوص نشستیں نہیں دی جارہیں۔
انہوں نے دعوی کیا کہ عوامی مینڈیٹ سے بڑی کوئی چوری نہیں ہوسکتی اور ان لوگوں نے عوام کا مینڈیٹ چوری کیا ہے، آئی ایم ایف کو لکھے جانے والے خط کو ملک سے غداری قرار دیا جا رہا ہے حالاں کہ فیٹف کی قانون سازی کی ان ہی لوگوں نے مخالفت کی تھی اور مطالبہ کیا جارہا تھا کہ ان کے کیسز ختم کیے جائیں۔