پاکستان:19 رکنی نئی وفاقی کابینہ نے حلف اٹھا لیا
19 رکنی وفاقی کابینہ نے ایوان صدر میں اپنے عہدوں کا حلف اٹھالیا، صدرپاکستان آصف زرداری نے ان سے عہدوں کا حلف لیا۔
سحر نیوز/ پاکستان: پاکستانی میڈیا کے مطابق حلف برداری کی تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف سمیت عسکری و سیاسی قیادت موجود تھی۔
حلف برداری کے بعد پہلے مرحلے میں وزارت خزانہ، وزارت خارجہ، وزارت توانائی، وزارت منصوبہ بندی اور وزارت داخلہ کے قلم دان سونپے گئے جبکہ وزارت اطلاعات، وزارت نجکاری اور دیگر اہم وزارتوں کے وزراء بھی مقرر کیے جائیں گے۔
وفاقی وزرا کو ابتدائی مرحلے میں اضافی وزارتیں بھی دی جائیں گی، وفاقی کابینہ میں اسحاق ڈار، عطا اللہ تارڑ، خواجہ آصف اور احسن اقبال کو شامل کیا گیا، امیر مقام، اوہس لغاری اور جام کمال بھی کابینہ کا حصہ ہیں جبکہ سابق نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی، محمد اورنگزیب اور شمشاد اختر کو بھی وفاقی کابینہ میں شامل کیا گیا ہے۔
حکومتی اتحادی جماعت متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان اور مسلم لیگ (ق) کو بھی کابینہ میں شامل کیا گیا ہے۔
وفاقی کابینہ میں اسحاق ڈار کو وزارت خارجہ، احسن اقبال کو وزارت منصوبہ بندی، ۔خواجہ آصف کو وزارت دفاع، عطااللہ تارڑ کو وزارت اطلاعات و نشریات، اعظم نذیر تارڑ کو وزارت قانون اور سرادر یوسف کو وزیر مذہبی امور کا قلم دان دیا جائے گا، سابق نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کو وزارت داخلہ کا قلم دان سونپے جانے کا امکان ہے۔