پاکستانی وزیراعظم کا غزہ سےمتعلق قرارداد کے نفاذ پر زور
پاکستان کے وزیراعظم نے مطالبہ کیا ہے کہ غزہ سے متعلق سلامتی کونسل کی قرار داد پر فوری طور پر عمل کیا جائے۔
سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی میڈيا کے مطابق وزارت خارجہ میں غیر ملکی سفیروں کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان عالمی برادری کے تمام رکن ملکوں کے ساتھ دوستانہ تعلقات کا خواہاں ہے اور کسی بھی دشمنی نہيں چاہتا۔
انہوں نے اقوم متحدہ کی سلامتی کونسل میں حال ہی میں غزہ میں جنگ بندی کے حوالے سے پیش کی گئی قرارداد کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ میں فلسطین کے عوام کی حق خودارادیت کی جدوجہد میں پاکستان کی بھرپور حمایت کا اعادہ کرنا چاہتا ہوں۔
شہبازشریف نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں سیکیورٹی کونسل کی اس قرارداد پر فوری طور پر اس کی روح کے مطابق عمل کیا جائے گا اور فلسطینیوں کے خلاف جاری سفاکیت کا خاتمہ ہوگا۔