پاکستان اور افغانستان کے درمیان تجارتی ٹرانزٹ معاہدہ
پاکستان اور افغانستان کے درمیان تجارتی ٹرانزٹ معاہدے طے پاگئے ہیں ۔
سحر نیوز/ پاکستان: پاکستانی میڈیا نے خبردی ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے مابین کابل میں ہونے والے تجارتی مذاکرات میں ٹرانزٹ ٹریڈ کے نظر ثانی شدہ معاہدے پر بات چیت شروع کرنے اور تجارتی گاڑیوں کے ڈرائیوروں کے لیے عارضی داخلہ دستاویز کا نفاذ شامل کرنے جیسے چند معاہدے طے پاگئے ہیں ۔
کابل میں پاکستانی سفارتخانے کے افسران نے بتایا کہ متعدد امور پر بھی پیش رفت ہوئی ہے، جن میں دو طرفہ ترجیحی تجارتی معاہدہ، فضائی راہداری، تجارتی مقاصد کے لیے سرحدی گزرگاہوں کو چوبیس گھنٹے فعال کرنا اور پاکستان کے ذریعے افغانستان کے راستے ٹرانزٹ ٹریڈ اور افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے مسائل کو حل کرنا شامل ہے۔
پاکستانی اور افغان تاجر رہنماؤں نے معاہدوں کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ اس سے راہداری اور تجارتی تعلقات کو معمول پر لانے میں مدد ملے گی۔
پاکستان کے سیکریٹری تجارت محمد خرم آغا کی سربراہی میں ایک وفد نے کابل کا دورہ کیااور افغانستان کے قائم مقام وزیرنورالدین عزیزی سے دو روز تک بات چیت کی ، دونوں ملکوں کے درمیان یہ معاہدے ایک ایسے وقت طے پائے ہيں جب پچھلے دنوں افغانستان کے صوبوں پکتیکااور خوست میں پاکستانی فوج کے فضائی حملوں کے بعد حالات بیحدکشیدہ ہوگئے تھے۔