Apr ۰۶, ۲۰۲۴ ۱۱:۰۹ Asia/Tehran
  • پاکستان: سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 8 دہشت گردہلاک، ڈی ایس پی گن مین سمیت جاں بحق

پاکستان کے صوبے خیبر پختونخواکے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کر کے 8 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ جبکہ لکی مروت میں دہشتگردوں کی فائرنگ سے ڈی ایس پی اپنے گن مین سمیت جاں بحق ہو گئے۔

سحر نیوز/ پاکستان: انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق آپریشن دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مارے گئے دہشت گرد متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے، ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد ہوا ہے۔

دوسری جانب دہشتگردوں کے حملے میں ڈی ایس پی گل محمد خان اپنے گن مین سمیت جاں بحق ہو گئے۔

لکی مروت میں رات گئے دہشتگردوں نے ڈی ایس پی لکی مروت گل محمد خان کی گاڑی پر حملہ کر دیا، انہوں نے ڈی ایس پی کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ڈی ایس پی گل محمد خان اپنے گن مینوں سمیت شدید زخمی ہوئے اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اپنے ایک گن مین کانسٹیبل نسیم گل سمیت جاں بحق ہو گئے۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ حملے میں ایک اور زخمی اہلکار کو تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال سرائے نورنگ منتقل کر دیا ہے جب کہ حملے کی تحقیقات جاری ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔

ٹیگس