ایران کے حق دفاع کی حمایت، پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف
پاکستان کے وزیر دفاع نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف دشمنی کی وجہ، مظلوم فلسطینیوں کی حمایت ہے۔
سحرنیوز/پاکستان: خواجہ محمد آصف نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اسرائیلی حکومت کی طرف سے ایران کے قونصل خانہ پر حملہ یعنی ایران کی ارضی سالمیت پر حملہ ہے اس لئے اس جارحیت کے خلاف تہران کا اقدام دفاعی اور مناسب جواب تھا۔
انہوں نے کہا کہ ایران کے ساتھ جوکچھ ہورہا ہے وہ فلسطین کے ساتھ کھڑا رہنے کی وجہ سے ہو رہا ہے۔
پاکستان کے وزير دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ ایران کی طرف سے اسرائیل پر حملہ ایک علامتی رد عمل اور نپا تلا حملہ تھا جس کے نتیجے میں اسرائیل کی دفاعی تنصیبات کی معلومات ایران کو مل گئیں ہیں اور پورے اسرائیل کی میپنگ ہوگئی ہے.
پاکستان کے وزير دفاع نے کہا کہ اس جنگ کے اثرات پوری دنیا پر پڑيں گے، جو بڑے ممالک اسرائیلی کی پشت پناہی کر رہے ہیں یہ آگ ان کو بھی لپیٹ میں لے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نہیں چاہتے کہ کشیدگی بڑھے لیکن فلسطینیوں کا قتل عام بند ہونا چاہیے۔
خواجہ آصف نے واضح کیا کہ پاکستان پر اسرائیل کو تسلیم کرنے کا کوئی دباؤ نہیں۔