جماعت اسلامی کی جمہوری بالادستی کیلئے اپوزیشن کے ساتھ ملکر جدوجہد کرنے سے اتفاق
امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن سے محمود اچکزئی اور اسد قیصر کی قیادت میں اپوزیشن وفد نے ملاقات کی اور انہیں حکومت کے خلاف احتجاجی تحریک میں شمولیت کی دعوت دی۔
سحر نیوز/ پاکستان: اتحاد برائے تحفظ آئین کے صدر محمود خان اچکزئی اور پی ٹی آئی رہنما و سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور جماعت اسلامی کے رہنماؤں کے درمیان منصورہ میں ملاقات ہوئی ۔ محمود خان اچکزئی کا کہنا تھا کہ ہم ملک میں آئین کی بالادستی کے لئے تحریک چلا رہے ہیں، ہمارا مقصد صرف چہروں کی تبدیلی نہیں۔
ملاقات کے بعد محمود خان اچکزئی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ جس قسم کے انتخابات ہوئے ملک کی بدنامی ہوئی، آئین کی بالادستی کے لئے آئے ہیں۔ اس کی خلاف ورزی قبول نہیں۔
اسد قیصر نے کہا کہ یہ تحریک ملک میں آئین اور قانون کے لئے ہے اقتدار کے لئے نہیں ہے۔
اس موقع پرامیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ بدقسمتی سے آئین بار بار پامال ہوتا رہا ہے، ہمیں آئین کی بالادستی پر متفق ہونا پڑے گا، اس کے بغیر کوئی چارہ نہیں ہے، آرمی چیف، عدلیہ اور تمام اداروں کو آئین کے تحت چلنا پڑے گا، گریٹر ڈائیلاگ کا آغاز ہوگا، جس کی شروعات فارم 45 سے ہوگی، فارم 47 سے آنے والی حکومت قابل قبول نہیں ہے۔