May ۳۱, ۲۰۲۴ ۱۷:۴۱ Asia/Tehran
  • پی ٹی آئی کو اسلام آباد میں جلسے کی مشروط اجازت اور انٹراپارٹی الیکشن کیس 6 جون کو سماعت کےلیے مقرر

پاکستان تحریکِ انصاف کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں جلسے کی مشروط اجازت مل گئی ہے جبکہ الیکشن کمیشن آف پاکستان میں پی ٹی آئی انٹراپارٹی الیکشن کیس 6 جون کو سماعت کےلیے مقرر کردیا گیا ہے۔

سحر نیوز/ پاکستان: پاکستانی میڈيا کے مطابق اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے پی ٹی آئی کو جلسے کی انتالیس شرائط کے ساتھ اجازت دے دی، جس کا این او سی بھی جاری کر دیا۔

اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے عدالتی حکم پر پی ٹی آئی کو جلسہ کرنے کی اجازت دی ہے ۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی جانب سے پی ٹی آئی کو روات جی ٹی روڈ پر جلسے کی اجازت دی گئی ہے۔ ڈی سی اسلام آباد نے پی ٹی آئی کی درخواست پر فیصلہ کرکے اسلام آباد ہائی کورٹ کو اس سے آگاہ کر دیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پی ٹی آئی کو جلسہ مقررہ وقت پر ختم کرنا ہو گا، جلسے میں ریاست کے خلاف نعرے یا تقریر کی اجازت نہیں ہو گی ۔ اسلام آباد کی انتظامیہ کے نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ جلسے کی سیکیورٹی کی ذمے داری تحریکِ انصاف پرعائد ہو گی، کسی قسم کی ہلڑ بازی کی اجازت نہیں ہو گی، سرکاری املاک کو نقصان نہیں پہنچایا جائے گا۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئي کی جانب سے آٹھ جون کو اسلام آباد میں جلسہ کرنے کی اجازت مانگی گئی تھی۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) انٹراپارٹی الیکشن کیس 6 جون کو سماعت کےلیے مقرر کردیا گیا۔

الیکشن کمیشن نے بینچ کی عدم دستیابی کے باعث 30 مئی کو کیس ڈی لسٹ کر دیا تھا، ای سی پی نے رہنما تحریک انصاف بیرسٹر گوہرعلی اور رؤف حسن کو نوٹس جاری کردیا۔

اس سے قبل الیکشن کمیشن کی جانب سے پی ٹی آئی کے 3 مارچ کو کروائے گئے انٹراپارٹی الیکشنز پر 7 اعتراضات عائد کیے گئے تھے، جس میں الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے انٹراپارٹی الیکشن نہیں کروائے، انتظامی ڈھانچہ ختم ہو گیا ہے۔

الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کی رجسٹریشن پر سوالات اٹھائے تھے۔

اعتراضات میں کہا گیا تھا کہ پی ٹی آئی نے الیکشنز ایکٹ کی سیکشن 208 ایک کے تحت انٹراپارٹی الیکشنز 5 سال میں نہیں کروائے، الیکشن کمیشن میں پی ٹی آئی کا انتظامی ڈھانچہ 5 سال سے نہیں ہے، اب بطور سیاسی جماعت کیا اسٹیٹس ہے؟ پی ٹی آئی نے سیکشن 202 پانچ کے تحت فہرست میں شامل ہونے کے لیے درکار دستاویزات نہیں دیں۔

ٹیگس