ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ؛ پاکستان کو بڑا جھٹکا، امریکہ سے شکست
امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں جاری ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں امریکہ نے پاکستان کو سپر اوور میں ہرا کر بڑا اپ سیٹ کر دیا۔
سحرنیوز/پاکستان: امریکہ کے شہر ڈیلس میں کھیلے گئے میچ میں امریکی کرکٹ ٹیم کے کپتان نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔ پاکستان کی ٹیم شروع سے ہی مشکلات کا شکار رہی اور اس کے ابتدائی تین بلے باز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے اور جلد ہی آؤٹ ہو گئے لیکن بابر اعظم اور شاداب خان کی پارٹنر شپ نے پاکستان کی ٹیم کو سہارا دیا لیکن شاداب اور اعظم خان کے اوپر تلے آؤٹ ہونے کے بعد پاکستانی ٹیم ایک بار پھر دباؤ میں آگئی اور بیس اوور میں سات وکٹوں کے نقصان پر ایک سو انسٹھ رن بنائے۔ جواب میں امریکہ کی ٹیم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور صرف تین وکٹوں کے نقصان پر ایک سو انسٹھ رن بنا کر میچ برابر کر دیا۔جس کے بعد سپر اوور میں پاکستان کے بالر محمد عامر خاطر خواہ باؤلنگ نہ کر سکے اور ایک اوور میں اٹھارہ رن دیے۔
پاکستان کو جیت کے لیے سپر اوور میں انیس رن درکار تھے لیکن پاکستان کے بیٹرز اس ہدف کو حاصل نہ کر سکے اور صرف تیرہ رن بنا پائے۔ اس طرح امریکہ نے یہ میچ سپر اوور میں پانچ رن سے جیت لیا۔ پاکستان کی ٹیم نے بیٹنگ باؤلنگ اور فیلڈنگ تینوں شعبوں میں ناقص کارگردگی دکھائی جبکہ امریکہ کی ٹیم نے ان تینوں شعبوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر کے تاریخ رقم کر دی۔
دوسری جانب برج ٹاؤن میں کھیلے گئے ایک اور میچ میں اسکاٹ لینڈ نے نمیبیا کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی۔ نمیبیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور مقررہ بیس اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر ایک سو پچپن رن بنائے۔ جس کے جواب میں اسکاٹ لینڈ نے یہ ہدف انیسویں اوور میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔