Jun ۱۳, ۲۰۲۴ ۱۴:۵۶ Asia/Tehran
  • وزیرِ اعظم پاکستان مولانا فضل الرحمٰن کو منانے میں کامیاب ہو گئے؟

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ موجودہ پارلیمنٹ دھاندلی کی پیداوار ہے۔

سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان کے وزیرِ اعظم شہباز شریف مولانا فضل الرحمٰن کو منانے ان کے گھر پہنچ گئے۔

مولانا فضل الرحمٰن نے وزیرِ اعظم کی آمد کا خیر مقدم کیا، وزیرِ اعظم نے مولانا فضل الرحمٰن کی خیریت دریافت کی۔

ملاقات میں شہباز شریف نے سیاسی مسائل کو باہمی تعاون سے حل کرنے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دینے کی تجویز پیش کر دی ۔

وزیرِ اعظم نے مولانا فضل الرحمٰن کی دینی خدمات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن نے ہمیشہ جمہوری اقدار کی حفاظت کے لیے پُرامن جدوجہد کو فروغ دیا۔

اس موقع پر مولانا فضل الرحمٰن نے وزیرِ اعظم شہباز شریف کو اپنے شدید تحفظات سے آگاہ کیا۔

واضح رہے کہ مولانا فضل الرحمن نے 8 فروری کو منعقد کیے جانے والے عام انتخابات کے نتائج کو مسترد کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ 8 فروری کے انتخابی نتائج میں ملکی وجوہات کے علاوہ بیرونی اثرات نے بھی اہم کردار ادا کیا، انہوں نے ان کی جماعت کو پارلیمان سے باہر رکھنے والی قوتوں کو خبردار بھی کیا تھا کہ وہ اس معاملے کو عوامی احتجاج کے ذریعے سڑکوں پر لے کر جائیں گے۔

سربراہ جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمٰن نے کہا تھا کہ یہ پارلیمنٹ دھاندلی کی پیداوار ہے۔

انہوں نے الزام لگایا کہ 2024 میں انتخابی دھاندلی نے 2018 کا بھی ریکارڈ توڑ دیا، ہم ان حالات کو تسلیم نہیں کرتے ہیں نا اس کو قبول کریں گے اور اس کے خلاف بھرپور جدوجہد کریں گے۔

یاد رہے کہ 24 مئی کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے مولانا فضل الرحمٰن کے ساتھ مل کر حکومت کے خلاف جلد تحریک شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔

 

ٹیگس