Jun ۱۹, ۲۰۲۴ ۱۴:۳۹ Asia/Tehran
  • پروٹوکول پس پشت، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے گرڈ اسٹیشن میں داخل ہوکر بجلی بحال کردی

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے صوبے کے تمام پارلیمنٹیرین سے کہا ہے کہ وہ واپڈا گرڈ جا کر بجلی بحال کر دیں۔

سحر نیوز/ پاکستان: وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے خود گرڈ اسٹیشن میں داخل ہوکر بجلی بحال کردی اور کہا ہے کہ 12 گھنٹے سے زائد لوڈ شیڈنگ نہیں ہوگی۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے صوبے میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ پر وفاقی حکومت پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا ہے کہ واپڈا خیبرپختونخوا کے ساتھ زیادتی کر رہا ہے، کسی نے واپڈا کے کسی اثاثے کو نقصان نہیں پہنچایا۔

علی امین گنڈا پور نے کہا کہ یہ لوگ مینڈیٹ چوری کر کے حکومت میں بیٹھے ہیں، آپ کس طرح بیٹھے ہیں اور کس طرح آپ کو نکالنا ہے مجھے پتہ ہے، لوڈشیڈنگ ختم کرنا وفاقی حکومت کی ذمہ داری ہے، اگر نیشنل گرڈ سے بجلی کم کی گئی تو بجلی بند کردوں گا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کو آخری بار کہتا ہوں ہمیں صوبے کا پیسہ دو، وفاق کے ذمہ ہمارے صوبے کے 16 ارب روپے واجب الادا ہیں، صوبے کا پیسہ نہ دیا تو آئی ایم ایف کو بتائیں گے۔

واضح رہے کہ خیبر پختون خوا میں اٹھارہ اٹھارہ گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے، وزیراعلیٰ نے مطالبہ کیا ہےکہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ مزید چھ گھنٹے کم کرکے بارہ گھنٹے پر لایا جائے ۔ وفاق اور خیبر پختونخوا حکومت کے درمیان بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا تنازع مزید شدت اختیار کرگیا ہے۔

ٹیگس