Jun ۲۴, ۲۰۲۴ ۱۲:۴۴ Asia/Tehran
  • پاکستان کے وزیرِ دفاع  کا تحریک انصاف اور ٹی ٹی پی کے حوالے سے اہم انکشاف

خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ ٹی ٹی پی اور بی ایل اے دہشت گردوں کی سرغنہ جماعتیں ہیں۔

سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان کے وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے ایک مقامی ٹیلی ویژن چینل سے بات چیت کے دوران کہا کہ فوج دہشت گردوں کی صفائی کا آپریشن کر دیتی ہے لیکن اس علاقے کی سویلین حکومت اپنی ذمے داری پوری نہیں کرتی۔

ان کا کہنا ہے کہ جنرل باجوہ اور جنرل فیض نے ٹی ٹی پی کے ساتھ معاملات طے کیے اور ہمیں سرسری سا بریف کیا، ہم سے ایسے منظر کشی کی جیسے سب ٹھیک ہے اور سوات میں دودھ اور شہد کی نہریں بہہ رہی ہیں۔

وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ اس بریفنگ میں سیاستدانوں نے سوال اٹھائے، سب سے زیادہ علی وزیر اور محسن داوڑ نے فیصلے کو چیلنج کیا لیکن انہیں بولنے نہیں دیا گیا۔

وزیرِ دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ جنرل ضیاء اور جنرل مشرف نے جو جنگ لڑی وہ اپنے اقتدار کو طول دینے کے لیے لڑی، جنرل ضیاء نے مذہب، سوشل اسٹرکچر اور معاشرہ برباد کر دیا، پیسے لے کر افغانستان جنگ کا حصہ بنے رہے۔

وزیرِ دفاع خواجہ آصف کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے اسمبلی میں اقلیتوں کے ساتھ ہونے والے واقعات کے خلاف قرارداد پیش کی جس کی پی ٹی آئی نے مخالفت کی۔

خواجہ آصف نے انکشاف کیا کہ ٹی ٹی پی اور بی ایل اے دہشت گردوں کی سرغنہ جماعتیں ہیں، پانچ، چھ ہزار ٹی ٹی پی کے دہشت گرد پی ٹی آئی کی حکومت میں لائے گئے، ٹی ٹی پی کو پی ٹی آئی کی حکومت میں پناہ گاہیں اور عام معافی دی گئی۔

ٹیگس