اسرائیل جنگی جرائم کا مرتکب ہوا ہے، پاکستانی وزیراعظم
پاکستان کے وزیراعظم نے کہا ہے کہ اسرائیل فلسطین میں جنگی جرائم کا مرتکب ہورہا ہے، عالمی عدالت انصاف نے بھی اسرائیلی مظالم کا نوٹس لیا ہے ہم فلسطین میں فوری طور پرغیر مشروط جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہیں۔
سحر نیوز/ پاکستان: قزاقستان کے دارالحکومت آستانہ میں ایس سی او سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ غیرملکی قبضے کی وجہ سے تنازعات سر اٹھا رہے ہیں اور تنازعات کے سبب انسانیت کو مسائل کا سامنا ہے اس لیے پر امن بقائے باہمی کے لیے تنازعات کا پرامن حل ضروری ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ یہ اجلاس ایسے موقع پر ہورہا ہے جب فلسطینیوں کو انسانیت سوز مظالم کا سامنا ہے، ہزاروں فلسطینی بچے شہید ہوچکے ہیں، اسرائیل جنگی جرائم کا مرتکب ہورہا ہے عالمی عدالت انصاف نے بھی اسرائیلی مظالم کا نوٹس لیا ہے ہم فلسطین میں فوری طور پر غیر مشروط جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہیں۔
تمام تصفیہ طلب مسائل کا پرامن حل چاہتے ہیں، اقوام متحدہ تنازعات سے متعلق اپنی قرار دادوں پر عمل درآمد کروائے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ افغانستان دہشتگردی کیخلاف موثر اقدامات کرے تاکہ اس کی سر زمین کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہ ہو، افغانستان میں پائیدار امن ہمارا مشترکہ ہدف ہے، افغان عوام کے مسائل کے حل کیلئے افغان عبوری حکومت سے با معنی بات چیت کرنا ہوگی، ریاستی دہشت گردی کی کھل کر مذمت کرنا ہوگی، اسلامو فوبیا اور لسانیت کے خلاف آواز بلند کرنا ہوگی، اسلامو فوبیا ایک بڑا مسئلہ ہے ہمیں اس مسئلے کے حل کے لیے بھی مل کر کام کرنا چاہیے۔
شہباز شریف نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی کے سبب دنیا کو چیلنجز کا سامنا ہے، کورونا کے سبب دنیا کو معاشی اور سماجی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔