Aug ۰۵, ۲۰۲۴ ۱۷:۱۲ Asia/Tehran
  • اسرائیل بین الاقوامی مجرم اور دہشت گرد ریاست ہے: پاکستانی سینیٹ

سینیٹ اجلاس میں حماس رہنما اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر متفقہ طور پر قرارداد منظور کرلی گئی۔

سحر نیوز/ پاکستان: چیئرمین سید یوسف رضا گیلانی کی زیر صدارت سینیٹ کا اجلاس ہوا جس میں حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر سینیٹر پلوشہ خان نے قرارداد پیش کی جو متفقہ طور پر منظور کرلی گئی۔

سینیٹ نے اسرائیلی صہیونی حملے میں اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایوان اسرائیلی حملوں میں فلسطینیوں کی شہادت اور انسانی حقوق کی پامالیوں کی مذمت کرتا ہے۔

قرارداد میں کہا گیا کہ اسرائیل ایک بین الاقوامی مجرم اور دہشت گرد ریاست کا روپ دھار رہا ہے، او آئی سی، پاکستان سمیت تمام اسلامی ممالک متحد ہو کر اسرائیل کی دہشت گرد کارروائیوں کو روکیں۔

ایوان نے زور دیا کہ اسلامی ممالک متحد ہو کر غزہ پر ہونے والی بمباری کو فوری طور پر روکیں اور محاصرہ ختم کروائیں تاکہ محصور فلسطینیوں تک ہنگامی امداد پہنچ سکے۔

بعدازاں سینیٹر پلوشہ خان نے سینیٹ میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کے نمائندے نیتن یاہو کو گمان ہے کہ یہ ظلم ہمیشہ جاری ہو گا لیکن جیسے فرعون غرق آب ہوا، نیتن یاہو بھی غرق آب ہو گا۔

انہوں نے فلسطین میں ظلم پر عرب حکمرانوں کی خاموشی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اسرائیل بیروت پر حملہ کرتا ہے، ایران پر حملہ کرتا ہے لیکن کوئی آگے بڑھ کر اس کا ہاتھ روکنے والا نہیں، خوف کی وجہ سے خاموش مسلمان سربراہان یاد رکھیں کہ چراغ سب کے بجھیں گے اور نیتن یاہو کا ہاتھ ان سب کی گردنوں پر بھی جائے گا۔

پلوشہ خان نے کہا کہ اسمٰعیل ہنیہ کا شمار ان تاریخی لیڈروں میں ہوتا ہے جو ناصرف خود اپنی قربانی دے گئے بلکہ اپنے بیٹوں، پوتے پوتیوں کی بھی قربانی دی اور اسرائیلی اسنائپر بچوں کے دلوں کا نشانہ لے کر انہیں نشانہ بناتے ہیں تاکہ فلسطین میں کوئی بچہ نہ بچے۔

ٹیگس