فوج کی تحویل میں نہ دیا جائے: عمران خان
پاکستانی تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے ممکنہ طور پر فوج کی تحویل میں دیے جانے کے خدشے کے تحت عدالت سے رجوع کرلیا ہے۔
سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان نے نو مئی کے مقدمات میں ملٹری کورٹ ٹرائل کے لیے ممکنہ طور پر فوجی تحویل میں دیے جانے کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا ہے۔
عمران خان نے اپنے وکیل عزیر کرامت بھنڈاری کے ذریعے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی ہے ۔ بانی پی ٹی آئی نے درخواست میں سیکریٹری قانون، سیکریٹری داخلہ اور وفاق کو فریق بنایا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق انسپکٹر جنرل آئی جی اسلام آباد ، آئی جی پنجاب، ڈی جی ایف آئی اے، آئی جی جیل خانہ جات بھی درخواست میں فریق ہیں۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عمران خان کو فوجی تحویل میں دینے سے روکا جائے اور یقینی بنایا جائے کہ بانی پی ٹی آئی سویلین عدالتوں اور سویلین تحویل میں ہی رہیں۔
واضح رہے کہ انیس اگست کو سابق وزیراعظم و بانی تحریک انصاف عمران خان نے کہا تھا کہ لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ فیض حمید کا سارا ڈرامہ مجھے ملٹری کورٹ لے جانے کے لیے کیا جارہا ہے اور جنرل فیض کو میرے خلاف وعدہ معاف گواہ بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔