Oct ۰۹, ۲۰۲۴ ۱۲:۱۰ Asia/Tehran
  • بلوچستان: افغانستان اور پاکستان کی سیکورٹی فورسز میں فائرنگ اور دھماکہ 3 ہلاک

پاکستان کے صوبے بلوچستان میں افغانستان اور پاکستان کی فورسز میں فائرنگ اور ژوب میں بم دھماکے سے3 افراد ہلاک ہوئے۔

سحر نیوز/ پاکستان: سیکیورٹی فورسز نے پاکستان کے صوبے بلوچستان کے ضلع ژوب میں فرنٹیئر کور (ایف سی) کی چوکی پر حملے کو ناکام بناتے ہوئے خودکش حملہ آور سمیت 2 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ دہشت گردوں نے بدھ کی صبح سویرے ایف سی چوکی کو نشانہ بنانے کی کوشش کی جسے سیکیورٹی فورسز نے ناکام بنا دیا۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں خودکش حملہ اور سمیت 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ جبکہ دہشت گردوں سے شدید فائرنگ کے تبادلے میں حوالدار جمشید خان جاں بحق ہوئے۔

دوسری جانب افغانستان اور پاکستان کی فورسز میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا ہے۔ پاکستان نے دعوی کیا ہے کہ پاک-افغان باڈر نوشکی غزنالی سیکٹر میں افغان فورسز کی جانب سے جارحیت کو ناکام بنادیا گیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق افغان فورسز کی جانب سے پاکستان کی پوسٹوں پر فائرنگ کی گئی جبکہ پاکستان نے جوابی کارروائی میں افغان چوکیوں کو نشانہ بنایا ۔

ذرائع کے مطابق فائرنگ کے تبادلے کا یہ واقعہ پاک-افغان بارڈر پر اس وقت پیش آیا جب پاکستانی فورسز کی جانب سے باڑ کی مرمت کا کام جاری تھا۔

سیکیورٹی فورسز کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سیکورٹی فورسز اپنی علاقائی سالمیت پر کسی صورت حرف نہیں آنے دیں گی اور ہر قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جا‏ئيگا۔

ٹیگس