Oct ۱۶, ۲۰۲۴ ۱۲:۳۷ Asia/Tehran
  • آئینی ترمیم کے مسودے پر بلاول بھٹو اور مولانا فضل الرحمٰن میں اتفاق، تحریک انصاف کی قیادت نے سر جوڑ لیے

جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ آئینی ترمیم کے مسودے پر پاکستان پیپلز پارٹی اور ان کے درمیان اتفاق ہوگیا ہے، پیپلز پارٹی نے بھی ہمارے تجویز سے ملتا جلتا مسودہ تیار کیا ہے۔

سحر نیوز/ پاکستان: کراچی میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ مجوزہ آئینی ترمیم کے حوالے سے اسلام آباد میں کل پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں سے ملاقات کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ان کی کوشش ہوگی کہ اس بل پر ایسا اتفاق رائے پیدا کیا جائے جس سے یہ آئینی ترمیم متفقہ طور پر منظور ہو۔

سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ جو تجاویز انہوں نے پی ٹی آئی کے سامنے پیش کی تھیں آج اتفاق رائے میں طے کی گئی تجاویز اس سے مختلف نہیں ہیں، وہ پی ٹی آئی کے سامنے یہ چیزیں رکھیں گے اور انہیں امید ہے کہ آئینی ترمیم پر پورے ایوان کا اتفاق رائے ہوگا۔

اس موقع پر بلاول بھٹو نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں جس طرح ہمارے بڑوں نے کالے کوٹ اور بلیک روپ کی دھمکی میں آکر 19ویں ترمیم کے وقت جو غلطی کی ہم اسے دہرانا نہیں چاہتے، ہم ملکی تاریخ میں پہلی بار عدالتی اصلاحات کرنے جا رہے ہیں۔

ادھر آئینی ترمیم کے حوالے سے قومی اسمبلی اجلاس کا معاملے پر پاکستان تحریک انصاف کی قیادت نے سر جوڑ لیے، پی ٹی آئی پنجاب کی قیادت نے آج پارٹی اجلاس طلب کر لیا۔

ذرائع کے مطابق مشاورت کیلئے تحریک انصاف کا اجلاس آج ہوگا، اجلاس زوم میٹنگ پر منعقد کیا جائے گا، اجلاس میں 18، 19 اکتوبر کیلئے لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔

ٹیگس