نام نہاد گریٹراسرائیل کا حصول خطے میں امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہے: پاکستان
اسحاق ڈار نے جو ریاض میں غیر معمولی عرب اسلامی سربراہی اجلاس میں شرکت کرنے کیلئے سعودی عرب کے دورے پر ہیں اسرائیل کے فلسطینی عوام کے خلاف جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم کی شدید مذمت کی اور ان جرائم پر احتساب کا مطالبہ کیا۔
سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے مشرق وسطیٰ میں اسرائیلی جارحیت پر تشویش کا اظہار کیا جو خطے میں امن و سلامتی کے لیے خطرہ ہے۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ غزہ میں جاری نسل کشی کا خاتمہ کرے۔
پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے کہا کہ اسرائیلی فوج غزہ میں انسانیت کے خلاف جنگی جرائم جاری رکھے ہوئے ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ قابض صیہونی فورسز کے جارحانہ اقدامات کا دائرہ لبنان، ایران اور شام تک پھیل چکا ہے، دوسری ریاستوں کی خودمختاری کو پامال کر کے نام نہاد گریٹر اسرائیل کا حصول خطے میں امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان باضابطہ طور پر اسرائیل کی جانب سے برادرانہ ممالک کی خودمختاری کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی مذمت کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تنازعہ کے تسلسل نے مستقبل قریب میں سیاسی اور پائیدار حل کے امکانات کو مزید مشکل بنادیا ہے۔
پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ اسرائیلی مظالم کی مذمت کرنا کافی نہیں ہوگا، ہمیں فلسطینیوں کے حقوق اور مطالبات کے لیے عملی اقدامات کرنے ہوں گے، پوری امت مسلمہ ہماری طرف دیکھ رہی ہے، ہمیں موجودہ صورتحال کے پیش نظر ان کی غیر متزلزل حمایت کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ غزہ اور خطے میں فوری طور پر غیر مشروط جنگ بندی کرنے کے ساتھ غزہ میں فوری طور پر انسانی امداد فراہم کرنا ہوگی اور اسرائیل کو جنگی جرائم کا ارتکاب کرنے پر جوابدہ ٹہرانا ہوگا۔